عالیہ حمزہ و دیگر کی ضمانت منسوخی سے متعلق درخواست، پنجاب حکومت نے وقت مانگ لیا

0 7

پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں عالیہ حمزہ و دیگر کی ضمانت منسوخی سے متعلق درخواست پر پنجاب حکومت نے وقت مانگ لیا۔

سپریم کورٹ میں 9 اور 10 مئی کے ملزمان کی ضمانت منسوخی سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔

چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3 رکنی بنچ نے پی ٹی آئی کے رہنماؤں عالیہ حمزہ، شہریار آفریدی اور دیگر کی ضمانت منسوخی کی درخواستوں کی سماعت کی۔

پراسیکیوٹر جنرل پنجاب عدالت میں پیش ہوئے، پنجاب حکومت نے رپورٹ جمع کرانے کیلئے عدالت سے وقت مانگ لیا۔

پراسیکیوٹر جنرل پنجاب نے استدعا کی کہ رپورٹس کیلئے کچھ وقت درکار ہے جس پر عدالت نے کیس کی سماعت 2 ہفتوں کیلئے ملتوی کر دی۔

یاد رہے کہ ضمانت منسوخی کی اپیلیں پنجاب حکومت کی جانب سے دائر کی گئی تھیں۔

پی ٹی آئی کیساتھ ساتھ ہر طبقہ فسطائیت کا مقابلہ کر رہا ہے: عالیہ حمزہ
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عالیہ حمزہ کا کہنا تھا کہ 9 مئی کے بعد ایک پارٹی، ایک لیڈر کو دیوار سے لگانے کیلئے اس حکومت نے گھروں پر چھاپے مارے، حکومت کی ساری توجہ تحریک انصاف، عمران خان اور ورکرز کو دبانے کیلئے ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم چیمپئنز ٹرافی سے تو باہر ہوگئے لیکن حکومت نے وزراء کی نصف سنچری مکمل کر لی، تحریک انصاف 2 سال سے فسطائیت کا مقابلہ کر رہی تھی اب ہر طبقہ کر رہا ہے، استحکام، جمہوریت بچانے کیلئے ہمارا لیڈر اور ہم سب کھڑے رہیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ آپ کل ہماری ایک ہوٹل میں کانفرنس سے گھبرا رہے تھے، موجودہ حکومت کو چیلنج کرتی ہوں، آپ نارووال، ڈی جی خان میں جلسیاں کرتے ہیں، آپ ہمیں مینار پاکستان پر صرف ایک جلسہ کرنے کی اجازت دے دیں، عوام صرف بانی پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑی ہے، آپ بانی پی ٹی آئی کی تصویر اور نام سے ڈرتے ہیں۔

عالیہ حمزہ نے کہا کہ مان لیں آپ ہار گئے ہیں، ہم اپنے لیڈر کے ساتھ کھڑے تھے اور کھڑے رہیں گے، صرف بانی پی ٹی آئی ہی ملک کو بچا سکتے ہیں۔

 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.