وزیرعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ازبکستان کے تاجر پاکستان کی بندرگاہ گوادر اور پورٹ قاسم سے کاروباری سرگرمیاں شروع کرسکتے ہیں، پاکستان میں مائنز اینڈ منرلز، ٹیکسٹائل، فارماسیوٹیکل کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی جاسکتی ہے۔
پاک ازبک بزنس فورم کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں اور دونوں ممالک کی تاجر برادری تعلقات کے فروغ میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے، پاکستان اور ازبکستان کا بزنس فورم اہمیت کا حامل ہے، ٹرانز افغان ریلوے منصوبہ خطے کی ترقی کے لیے گیم چینجر ثابت ہوگا۔
انہوں ںے تاجروں سے کہا کہ پاکستان میں مائنز اینڈ منرلز، ٹیکسٹائل، فارماسیوٹیکل کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی جاسکتی ہے، سیاحت اور ٹرانسپورٹ کے شعبے میں مشترکہ منصوبے شروع کیے جاسکتے ہیں۔
پاکستان میں سستی توانائی کے حصول کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں اور پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے خصوصی اقتصادی زونز بھی بنائے جارہے ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ ازبک سرمایہ کار اور تاجر سرمایہ کاری کے پرکشش مواقع سے مستفید ہوسکتےہیں، پاکستان کی بندرگاہ گوادر اور پورٹ قاسم سے کاروباری سرگرمیاں شروع کرسکتے ہیں۔