اسٹاک ایکسچینج میں تیزی، 100 انڈیکس میں پوائنٹس کی 2 سطحیں بحال

0 5

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے پہلے روز اتار چڑھاؤ کے بعد تیزی رہی اور 100 انڈیکس پر پوائنٹس کی 2 سطحیں بحال ہوگئیں۔

آئی ایم ایف تیکنیکی مشن کے پاکستان کے ماحولیاتی اقدامات پر اظہار اطمینان سے کلائمیٹ فنانسنگ منظور ہونے کی توقعات، آزربائجان کے ساتھ دوطرفہ سرمایہ کاری کو 2ارب ڈالر تک توسیع دینے کیلئے اپریل میں معاہدے جیسی اطلاعات کے باعث پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں پیر کو شدید اتارچڑھاؤ کے باوجود تیزی رہی۔

تیزی کی وجہ سے انڈیکس کی 1لاکھ 13ہزار اور 1لاکھ 14ہزار پوائنٹس کی دو سطحیں بحال ہوگئیں۔ تیزی کے سبب 48فیصد حصص کی قیمتوں میں اضافہ ہوا جبکہ حصص کی مالیت 1کھرب 46ارب 5کروڑ 36لاکھ 39ہزار 507روپے بڑھ گئی۔

حصص کی آف لوڈنگ کے سبب کاروبار کے آغاز میں مندی رہی جس سے ایک موقع پر 944پوائنٹس کی مندی سے انڈیکس کی 1لاکھ 12ہزار پوائنٹس کی سطح بھی گرگئی تھی لیکن بعد دوپہر سینٹیمنٹس مثبت ہونے سے شعبہ جاتی بنیادوں پر تازہ سرمایہ کاری بڑھنے سے جاری مندی تیزی میں تبدیل ہوگئی اور ایک موقع پر 1773پوائنٹس کی تیزی بھی ہوئی۔

اختتامی لمحات میں دوبارہ پرافٹ ٹیکنگ سے تیزی کی مذکورہ شرح میں قدرے کمی واقع ہوئی نتیجتا کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 1529.17 پوائنٹس کے اضافے سے 114330.10 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔

کے ایس ای 30 انڈیکس 576.17 پوائنٹس کے اضافے سے 35612.49پوائنٹس، کے ایس ای آل شئیر انڈیکس 733.81 پوائنٹس کے اضافے سے 70858.17 پوائنٹس اور کے ایم آئی 30انڈیکس 2726.24پوائنٹس کے اضافے سے 172363.71 پوائنٹس پر بند ہوا۔

کاروباری حجم گذشتہ جمعہ کی نسبت 0.03فیصد زائد رہا اور مجموعی طور پر 45کروڑ 55لاکھ 33ہزار 414 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار 440 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں 176 کے بھاو میں اضافہ 211 کے داموں میں کمی اور 53 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

جن کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ان میں یونی لیور پاکستان فوڈز کے بھاو 102.50 روپے بڑھکر 23002.50روپے اور ایبٹ لیبارٹریز کے بھاو 57.79روپے بڑھکر 1098.54روپے ہوگئے جبکہ نیسلے پاکستان کے بھاو 45.84 روپے گھٹ کر 7300روپے اور رفحان میظ کے بھاؤ 28.58روپے گھٹ کر 9365.75روپے ہوگئے۔

 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.