وزیر اعظم کے دورہ آذربائیجان میں پیٹرولیم سیکٹر میں بڑے معاہدے سامنے آگئے، پاکستانی اور آذربائیجانی کمپنی کے درمیان پاکستان میں تیل کی پائپ لائن بچھانے کا معاہدہ طے پاگیا۔
پی ایس او نے پاکستان اسٹاک ایکسچنج کو خط بھیج کر اہم پیشرفت سے آگاہ کردیا ہے جس کے مطابق پاکستان اسٹیٹ آئل اور آذربائیجان کی سب سے بڑی اسٹیٹ آئل کمپنی سوکار کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے ہیں۔
ایم او یو کے تحت پی ایس او اور آذربائیجانی کمپنی سوکار سنگا پور میں مشترکہ جوائنٹ ٹریڈنگ کمپنی قائم کریں گے، پی آر ایل ،پی ایس او اور سوکار تینوں کمپنیاں مل کر کراچی سے ناردرن ایریاز تک تیل پائپ لائن بچھائیں گی۔
سوکار کمپنی پائپ لائن منصوبے میں انویسٹمنٹ اور خدمات بھی فراہم کرے گی، جبکہ جوائنٹ ٹریڈنگ کمپنی منصوبے پر عملدرآمد کیلیے فزیبلیٹی رپورٹ تیار کرے گی۔
واضح رہے کہ سوکار کے ساتھ مل کر تیل پائپ لائن بچھانے کی منظوری پی ایس او بورڈ پہلے ہی دےچکا ہے۔
اس معاہدے کے تحت ملکی تاریخ میں پہلی بار طویل پائپ لائن غیر ملکی سرمایہ کاری اور ملکی اشتراک سے بچھائی جائے گی اور ملک میں تیل کی سپلائی ٹینکوں کے بجائے محفوظ پائپ لائن کے ذریعے ہوگی، فی الحال، پاکستان میں تیل کی نقل و حرکت کا ایک تہائی سے بھی کم حصہ پائپ لائنوں کے ذریعے ہوتا ہے۔
پی ایس او اور سوکار کے درمیان جی ٹو جی ایس پی اے مفاہمت کی یادداشت پر بھی دستخط ہوئے، اس کے علاوہ پی آر ایل ،پی ایس او اور سو کار کے درمیان ریفائنری کو جدید کرنے کا تکنیکی سہ فریقی مفاہمت معاہدے پر بھی دستخط کیے گئے ہیں۔