آئی ایم ایف مشن کی پاکستان میں اصلاحات پر توجہ، آج بھی اہم ملاقاتیں متوقع

0 4

پاکستان میں موجود بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کا مشن آج بھی سرکاری اداروں اور نجی شعبے کے نمائندوں سے ملاقات کرے گا۔ ذرائع کے مطابق، مشن ملک میں گورننس اور احتساب کے نظام کا عالمی معیار کے مطابق جائزہ لے رہا ہے۔

آئی ایم ایف مشن وزارت خزانہ، فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر)، سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی)، آڈیٹر جنرل اور اسٹیٹ بینک حکام سے ملاقات کرے گا۔ اس کے علاوہ، مشن کا مختلف سیاسی جماعتوں اور نجی شعبے کی تنظیموں سے بھی ملاقات کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق، آئی ایم ایف مالی بدعنوانی کے کیسز، تحقیقات، مقدمات اور سزاؤں کے حوالے سے تفصیلات حاصل کر رہا ہے اور پاکستان کے انسدادِ کرپشن اور احتسابی قوانین کو عالمی معیار سے ہم آہنگ کرنے پر زور دے رہا ہے۔

عالمی مالیاتی ادارہ حکومت سے منی لانڈرنگ کے خلاف مزید سخت اقدامات کا مطالبہ کر رہا ہے، جبکہ صوبائی اداروں کو بھی انسدادِ منی لانڈرنگ میں مزید اختیارات دینے کی تجویز دی جا رہی ہے۔ مشن وائٹ کالر جرائم سے متعلق تحقیقات، مقدمات اور سزاؤں کا ڈیٹا بھی دیکھ رہا ہے اور ان سے متعلق قوانین اور تحقیقاتی ایجنسیوں کے کردار کا جائزہ لے رہا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف نے حکومت کو عالمی معیار کے مطابق نئے احتساب قوانین پر جلد قانون سازی کے لیے اقدامات کرنے کی ہدایت دی ہے۔ مشن گریڈ 17 سے گریڈ 22 تک کے سرکاری افسران کے اثاثے ظاہر کرنے اور ان کے اہلخانہ کے اثاثوں تک بینکوں کو رسائی دینے کا بھی مطالبہ کر رہا ہے۔

پاکستانی حکومت نے آئی ایم ایف کے گورننس اور کرپشن ڈائیگنوسٹک اسیسمنٹ کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.