کراچی میں ہونیوالی امن مشقیں دنیا کیلئے بڑا پیغام ہیں،کمانڈر ایرانی بحریہ

0 5

ایرانی بحریہ کے کمانڈر شہرام ایرانی نے کہا ہے کہ کراچی میں ہونے والی امن مشقیں 2025 میں دنیا کے ممالک کیلئے بڑا پیغام ہیں۔

انقلاب ایران کی سالگرہ کی مناسبت سے کراچی میں ایرانی قونصل خانے میں تقریب منعقد ہوئی جس میں ایرانی بحریہ کے کمانڈر شہرام ایرانی ، پاکستان میں ایران کے سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم،کراچی میں ڈپلومیٹک کور کے ڈین ایرانی قونصل جنرل حسن نوریان،وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور مہمان خصوصی گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری سمیت اہم شخصیات نے شرکت کی۔

تقریب کے بعد خصوصی انٹرویو میں ایرانی بحریہ کے کمانڈر نے کہا کہ دنیا میں ہمارا خطہ بہت اہم ہے، اس خطے کی اہمیت جیواکانومی،جیواسٹریٹیجک، جیو پولیٹکس کے لحاظ سے ہے۔

رئیرایڈمرل شہرام ایرانی نے کہا کہ خطے کی اہمیت اس لیے بھی ہے کہ 60فیصد سے زیادہ تجارت اس علاقے سے ہوتی ہے۔

امن مشقوں میں ایرانی فلیٹ کی شرکت سے متعلق سوال پر کمانڈر ایرانی بحریہ نے کہا کہ امن مشقوں 2025 نے تمام ممالک کوبڑا پیغام دیا ہے کہ ہم سب مل کر مشقیں کرسکتے ہیں اور ہم تمام راستوں کی حفاظت کرسکتے ہیں۔

کمانڈر ایرانی بحریہ نے کہا کہ پیغام یہ بھی ہے کہ ہم میری ٹائم سکیورٹی بھی انجام دے سکتے ہیں۔

اس سے پہلے تقریب سے خطاب میں ایرانی بحریہ کے کمانڈر نے گورنر اور وزیراعلیٰ سندھ کو امن مشقوں اور امن ڈائیلاگ کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد دی اور تقریب سے خطاب میں کہا کہ ایران اورپاکستان ایک دوسرے کی کامیابیوں سے خوش ہونے والے ممالک ہیں۔ان مشقوں کاانعقاد پاکستان ہی کیلئے اعزاز نہیں ہماری بھی کامیابی ہے۔انہوں نے ہم آہنگی کو طاقت قرار دیا۔

دوسری جانب گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ انقلاب ایران دنیا بھر کے مظلوموں کے لیے امید کی کرن ہے اور بانی انقلاب آیت اللہ خمینی کو دنیا بھر میں یاد رکھا جائے گا۔

گورنر سندھ نے کہا کہ ایرانی سفیر اور قونصل جنرل کی غیرمعمولی کاوشوں کے سبب پاکستانی تاجروں اور زائرین کو غیرمعمولی سہولتیں ملتی ہیں۔ اور انہی کے کردارکی وجہ سے یہ تعلقات 100 فیصد بڑھائے جاسکتےہیں۔

کامران خان ٹیسوری نے یقین دہانی کرائی کہ سابق صدرابراہیم رئیسی کے دورہ پاکستان میں طے معاہدوں کو عملی جامہ پہنایا جائےگا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.