چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے فی الحال چیف الیکشن کمشنر کے نام پر اتفاق نہیں ہوا، پارلیمانی کمیٹی بنی تو ہی نام بھجوائیں گے۔
الیکشن کمیشن آفس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر علی خان کا کہنا تھا کہ چیف الیکشن کمشنر،ممبر بلوچستان اور سندھ کی مدت ملازمت مکمل ہوچکی ہے، 26ویں ترمیم کے مطابق یہ چل رہے ہیں، وزیراعظم کو چاہیے تھا اپوزیشن لیڈر سے اس حوالے سے بات کرکے 3نام آگے بھیجتے لیکن وزیراعظم کی جانب سے کچھ نہیں ہوا ۔
انہوں نے کہا کہ آئینی تقاضا ہے چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کا پراسیس 45 روز میں مکمل ہو، ہم نے پارلیمانی کمیٹی کیلئے خط بھی بھیجے ہیں ،عمر ایوب نے بطور اپوزیشن لیڈرقومی اسمبلی خط لکھا، شبلی فراز نے بطور اپوزیشن لیڈر سینیٹ خط لکھا، خط میں لکھا ہے آپ پارلیمنٹری کمیٹی بنائیں، جیسے ہی پارلیمنٹری کمیٹی بنے گی ہم اپنے نام بھیجیں گے۔
بیرسٹر گوہر کا مزید کہنا تھا کہ ہم ممبر بلوچستان ،سندھ اور چیف الیکشن کمشنر کیلئے نام بھیجیں گے، ہماری طرف سے ناموں پر غور جاری ہے، آئینی تقاضا ہے ہر پوزیشن کیلئے تین نام جائیں گے، ابھی تک ناموں پر اتفاق رائے نہیں ہوا۔