رکی پونٹنگ نے صائم ایوب کی عدم موجودگی کو پاکستان کیلئے بڑا خلا قرار دے دیا
سابق آسٹریلوی کپتان رکی پونٹنگ نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں صائم ایوب کی عدم دستیابی کو پاکستان کیلئے بڑا خلا قرار دے دیا۔
رکی پونٹنگ نے آئی سی سی ریویو سے بات کرتے ہوئے کہا کہ صائم ایوب ایک اعلیٰ معیار کے کھلاڑی ہیں اور ان کی غیر موجودگی پاکستان کیلئے ایک بڑا خلا ہے۔
رکی پونٹنگ کا کہنا تھا کہ شاہین آفریدی اور نسیم شاہ کی قیادت میں پاکستان کا فاسٹ بولنگ اٹیک کاف مضبوط ہے، پاکستانی بولرز کے پاس رفتار اور مہارت ہے جو کسی بھی بیٹنگ لائن کو مشکل میں ڈال سکتی ہے۔
رکی پونٹنگ نے مزید کہا کہ اگر بابر اعظم اور محمد رضوان نے اچھا پرفارم کیا تو پاکستان میگا ایونٹ میں مزید "خطرناک” ہو جائے گا۔ ہوم گراونڈ پر ایک بڑے ٹورنامنٹ میں کھیلنے کا اضافی دباؤ مثبت اور منفی دونوں طریقوں سے کام کر سکتا ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان چیمپئنز ٹرافی 2025 میں اپنا پہلا میچ 19 فروری کو کراچی نیشنل بینک اسٹیڈیم میں نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گا۔
گرین شرٹس 23 فروری کو دبئی میں روایتی حریف بھارت اور 27 فروری کو راولپنڈی میں بنگلہ دیش کے خلاف اپنے آخری گروپ میچ میں مدمقابل ہوں گے۔