پالیسی سازوں کے درمیان مڈٹرم الیکشن کی بازگشت سنی جارہی ہے، ایسے میں حکومت تنخواہ دار طبقے پر ٹیکسوں میں کمی کرکے انتخابی نتائج کو اپنے حق میں ہموار کرسکتی ہے۔
رسمی معیشت کا حصہ ہونے کی وجہ سے حکومت کی نااہلیوں کا خمیازہ پاکستان کا تنخواہ دار طبقہ بھگت رہا ہے، تاجروں اور زمینداروں پر ٹیکس کے نفاذ کی کوششیں کی گئی ہیں، لیکن تاحال کوئی خاص کامیابی نہیں مل سکی ہے۔
پاکستان میں ماہانہ 2 ہزار ڈالر کمانے والے کو 35 فیصد ٹیکس بھرنا پڑتا ہے، جبکہ بھارت، امریکا اور بنگلہ دیش میں یہ شرح بالترتیب 25، 22 اور 20 فیصد ہے۔
اسی طرح ماہانہ 3 ہزار ڈالر کمانے والا شخص پاکستان میں 37 فیصد جبکہ درج بالا ممالک میں 25، 22 اور 25 فیصد ادا کرتا ہے۔
ضرورت اس امر کی ہے کہ ٹیکس کا منصفانہ نظام ہو، پاکستان نے زراعت، تجارت، ہول سیل، ریٹیل، بلیو کالر سروسز اور ریئل اسٹیٹ میں پروان چڑھنے والی وسیع کالی معیشت کو نظر انداز کرتے ہوئے بالواسطہ ٹیکسوں جیسے سیلز ٹیکس، کسٹم ڈیوٹی اور ایکسائز ٹیکس پر زیادہ انحصار کیا ہے۔
ان شعبوں میں زیادہ نقدی کی گردش ٹیکس چوری کا ثبوت ہے، یہ عدم توازن پاکستان کی ترقی میں نمایاں رکاوٹ ہے، ایسی منصفانہ ٹیکس پالیسی جو تنخواہ دار طبقے پر بوجھ کم کرکے ٹیکس نیٹ میں دیگر طبقات کو بھی شامل کرے، انتخابی نتائج میں اہم کردار ادا کرے گی۔
ذرعی معیشت میں مواقع کی عدم دستیابی سے تنخواہ دار طبقے میں مزید اضافہ ہوگا، اگر پالیسی ساز جلد الیکشن کرانے کے خواہاں ہیں، تو حکومت کو چاہیے کہ وہ تنخواہ دار طبقے پر سے غیر ضروری بوجھ کو ہٹائے۔