اپرکرم میں امن معاہدے کے تحت فریقین کے مزید 10بنکرز گرا دیے گئے۔
ضلع کرم میں بنکر گرانے کا سلسلہ جاری ہے۔ اپرکرم کے علاقے پیواڑ اور گیدو میں مزید 10 بنکرز گرادیے گئے جس کے بعد اب تک 48 بنکرز گرائے جاچکے ہیں۔
ادھر ٹل پارا چنار روڈ کی گزشتہ ساڑھے چار ماہ کی بندش کے باعث لوگوں کو شدید پریشانی ہے۔
شہری خوراک و علاج نہ ملنے سے مختلف قسم کے مسائل سے دوچار ہیں جبکہ بیرونِ ملک جانے والے مسافر اور طلبہ پھنسے ہوئے ہیں۔
ممبرصوبائی اسمبلی علی ہادی عرفانی نے مطالبہ کیا ہےکہ 5 لاکھ کے قریب آبادی کیلئے ہنگامی بنیادوں پر امدادی پیکج دیا جائے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق حکومت نے فریقین کے اسلحہ جمع کرانے کے مجوزہ طریقۂ کار پر عمل درآمد سے متعلق غور شروع کردیا ہے ، مناسب طریقۂ کار پر متفق ہوتے ہی فریقین کو آگاہ کردیا جائے گا۔
جمعرات کو کمشنر ہاؤس کوہاٹ میں ہونے والے جرگے میں فریقین نے ہتھیار جمع کرانے کے طریقۂ کار سے حکومت کو آگاہ کیا تھا۔