شام کے نئے صدر اور سابق جنگجو احمد الشراع کی اہلیہ کون ہیں ؟

0 4

شام میں بشار الاسد کا دھڑن تختہ کرکے عبوری حکومت کے سربراہ بننے والے احمد الشرع نے سعودی عرب کے دورے میں اہلیہ لطیفہ سمیر الدروبی کے ساتھ عمرہ ادا کیا۔

عرب میڈیا کے مطابق کرشماتی شخصیت کے مالک احمد الشرع کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کے ساتھ پہلی بار ان کی اہلیہ نے بھی میڈیا کی توجہ حاصل کرلی۔

احمد الشرع کے سعودی عرب اور ترکیہ کے دورے کے دوران ان کی اہلیہ لطیفہ الدروبی بھی ہمراہ تھیں اور انھوں نے ترکیہ کی خاتون اوّل سے ملاقات بھی کی۔

ان ملاقاتوں کے بعد لطیفہ اندروبی کی شخصیت کے بارے میں تجسس بڑھ گیا جو اب تک گمنامی میں تھیں۔

خیال رہے کہ العربیہ چینل کو انٹرویو میں احمد الشرع نے ماضی کے کٹھن دور کا زکر کرتے ہوئے بتایا تھا کہ اُن کی وجہ سے اہلیہ بھی پہاڑوں میں ساتھ رہنے پر مجبور تھیں۔

شام کے نئے صدر نے مزید بتایا تھا کہ اُس مشکل دور میں ہمیں متعدد رہائش گاہیں تبدیل کرنا پڑی تھیں اور اہلیہ نے ہمیشہ سے خندہ پیشانی سے مشکلات کا سامنا کیا۔

شامی صدر احمد الشرع نے ایک ہی شادی کی ہے۔ لطیفہ الدروبی سے ان کے تین بیٹے ہیں۔

شام کی خاتون اول لطیفہ الشرع کے بارے میں ابھی تک زیادہ تفصیلات میسر نہیں تاہم اب تک دستیاب معلومات کے مطابق ان کا تعلق شام کے قصبے ’القریطین‘ سے ہے۔

شام کی خاتون اوّل کا تعلق شام کے ایک معروف مذہبی گھرانے سے ہے اور انھوں نے عربی زبان اور ادب میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی ہے۔

بی بی سی کے مطابق اُن کے خاندان میں معروف مذہبی شخصیات شامل ہیں جیسے شیخ عبدالغفار الدروب جو شام کے ایک معروف قاری تھے۔

سعودی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ لطیفہ سمیر الدروبی کے آباؤ اجداد میں سے ایک علاء الدین الدروبی 1920 میں شام کے دوسرے صدر بنے تھے۔

تاہم صرف ایک ماہ بعد ہی علاءالدین الدروبی کو 21 اگست 1920 کو قتل کردیا گیا تھا۔ انھوں نے سلطنت عثمانیہ کے سفیر کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دی ہیں۔

 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.