سہ ملکی سیریز؛ جنوبی افریقی ٹیم بھی لاہور پہنچ گئی
جنوبی افریقا کی کرکٹ ٹیم لاہور پہنچ گئی ہے جہاں وہ ٹرائی نیشن سیریز میں شرکت کرے گی۔
جنوبی افریقہ کی ٹیم براستہ دبئی نجی ایئر لائن سے لاہور پہنچی اور سیکیورٹی حصار میں نجی ہوٹل منتقل کر دی گئی۔
جنوبی افریقہ کی ٹیم آج مکمل آرام کرے گی اور کل سے پریکٹس سیشن کا آغاز کرے گی۔ ٹیم کی پریکٹس ایل سی سی اے گراونڈ میں دوپہر 12:30 سے 4:30 تک ہو گی۔
دوسری جانب نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم ایک روز قبل لاہور پہنچ چکی تھی اور اب دونوں ٹیمیں ایونٹ کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔
کرکٹ ٹیموں کی لاہور آمد کے دوران سخت سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں، جس میں ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کی قیادت میں پولیس کی نفری تعینات کی گئی۔
مقامی ہوٹل پر بھی پولیس کی بھاری نفری موجود ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچا جا سکے۔