گزشتہ روز امریکا میں غیر قانونی طور پر مقیم 100 سے زائد بھارتی شہریوں کو ملک بدر کیا گیا جن میں سے کچھ بھارتی شہریوں نے وطن پہنچنے پر تہلکہ خیز انکشافات کیے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکا سے 104 غیر قانونی بھارتی مہاجرین کو ملک بدر کیا گیا تھا جس میں 19 خواتین اور 13 بچے بھی شامل تھے، امریکا سے ملک بدر کیے گئے بھارتیوں کو گزشتہ روز امرتسر پہنچایا گیا تھا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکا سے ملک بدر ہونے والے بھارت پہنچنے والے شہریوں نے بتایا کہ انہیں فوجی جہاز کے ذریعے لایا گیا اور پورے راستے میں ان کے ہاتھ اور پاؤں بندھے رکھے گئے۔
بھارتی پنجاب کے شہر گرداس پور سے تعلق رکھنے والے نوجوان جسپال سنگھ نے بتایا کہ ان کے ہاتھ امرتسر میں طیارہ لینڈ کرنے کے بعد کھولے گئے۔
جسپال سنگھ کا کہنا تھا ہم سمجھے کہ ہمیں کسی دوسرے کیمپ منتقل کیا جا رہا ہے لیکن طیارے میں ہمارے ہاتھ پاؤں باندھ کر بتایا گیا کہ آپ سب کو واپس بھارت بھیجا جا رہا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق جسپال سنگھ کا کہنا تھا وہ بھارت بھیجے جانے سے پہلے 11 روز سے امریکی حکام کی تحویل میں تھا۔
جسپال سنگھ اور دیگر بھارتی شہریوں کو امریکا کی بارڈر پیٹرول فورس نے میکسیکو کی سرحد کے قریب سے 24 جنوری کو حراست میں لیا تھا۔
امریکا بدر ہونے والے ایک اور بھارتی شہری ہروندر سنگھ نے بتایا کہ میکسیکو پہنچانے سے قبل انہیں قطر، پیرو، کولمبیا، پاناما اور نکارا گوا لے جایا گیا، میکسیکو میں ہمیں پہاڑوں پر بھی سفر کروایا گیا اور سمندر میں کشتی پر بھی بٹھایا گیا، ایک موقع پر ہماری کشتی ڈوبنے والی تھی تاہم ہم محفوظ رہے۔