آسٹریلیا میں 17 سالہ لڑکی کو شارک نے مار ڈالا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق سڈنی میں ایک شارک نے مشرقی آسٹریلوی جزیرے پر تیراکی کرنے والی 17 سالہ لڑکی کو کاٹ کر ہلاک کر دیا۔
آسٹریلوی حکام نے بتایا کہ ملک میں صرف 5 ہفتوں کے دوران شہریوں کی ہلاکت کا باعث بننے والا تیسرا حملہ ہے۔
ایمبولینس سروس کے ترجمان نے بتایا کہ پیرامیڈیکس عملہ نوجوان لڑکی کو طبی امداد کی فراہمی کے لیے کوئینز لینڈ کے ووریم بیچ کر پہنچے، شارک کے حملے کے باعث لڑکی کے جسم کے اوپری حصے میں شدید زخم آئے تھے۔
پولیس نے بتایا کہ لڑکی کو ریاستی دارالحکومت برسبین سے تقریباً 50 کلومیٹر (30 میل) دور واقع بریبی جزیرے پر دوپہر کے وقت تیراکی کے دوران شارک نے کاٹا۔
کوئینز لینڈ پولیس کے ترجمان نے کہا کہ لڑکی شدید زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے تقریباً 15 منٹ بعد دم توڑ گئی۔