کراچی:قومی اور بین الاقوامی آرکیٹیکٹس، سٹی پلانرز اور ڈیزائنرز نے کہا ہے کہ سڑکوں کے بنیادی ڈھانچے کی تعمیر اور اسے برقرار رکھنا معاشی ترقی کی کلید ہے اور حکومت کو اسے پائیدار اور تیز اقتصادی ترقی کے لیے ترجیح دینی چاہیے۔
کراچی میں گزشتہ بارشوں اور تباہ شدہ سیوریج سسٹم کی وجہ سے زیادہ تر اہم شاہراہیں خستہ حال ہیں، جس سے ٹریفک جام سمیت شہریوں کو متعدد مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
ماہرین نے ان خیالات کا اظہار این ای ڈی یونیورسٹی کے ڈیپارٹمنٹ آف آرکیٹیکچر اینڈ پلاننگ (ڈی اے پی) کے زیر اہتمام دو روزہ پروگرام کے اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہی، جس کا عنوان "دوسری کانفرنس آن آرکیٹیکچر، آرکیٹیکچرل انکاؤنٹرز: نو لبرل ازم اور لوکلنس – تنازعات اور حل” تھا۔
این ای ڈی یونیورسٹی کے ڈین فیکلٹی آف آرکیٹیکچر اینڈ مینجمنٹ سائنس پروفیسر ڈاکٹر نعمان احمد نے سیوریج کے نظام کو مسائل کی جڑ قرار دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ سیوریج نیٹ ورک کو دوبارہ ترتیب دینا ضروری ہوچکا ہے، سیوریج کی ٹریٹمنٹ کرکے سیوریج کے پانی کو باغبانی، شہر کی گرین بیلٹ اور دیگر کئی مقاصد کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔
انھوں نے مزید کہا کہ کراچی کو سڑکوں کی بحالی کے ایک جامع منصوبے کی ضرورت ہے، جس کے لیے مناسب بجٹ کرنا ضوری ہے، کیونکہ کراچی میں 9,500 کلومیٹر سڑکوں کا نیٹ ورک مختلف شہری محکموں اور ایجنسیوں کے دائرہ اختیار میں آتا ہے۔مصری ثقافتی ورثہ ریسکیو فاؤنڈیشن کی سربراہ ڈاکٹر اومنیہ عبدل بر نے قاہرہ میں تاریخی کوارٹرز کے تحفظ کے چیلنجز کے بارے میں بتایا، اور تعمیراتی بحالی اور کمیونٹی کی ترقی کے درمیان نازک توازن کو اجاگر کیا اور بحالی کے کاموں میں مقامی باشندوں کی شمولیت کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔
این ای ڈی یونیورسٹی ڈی اے پی کی چیئرپرسن پروفیسر ڈاکٹر انیلہ نعیم نے کہا کہ سیاسی نظام شہر کے نظم و نسق کو متاثر کر رہا ہے، سڑک کے بنیادی ڈھانچے کو ترجیح دینا اور اس پر عمل درآمد ہمیشہ حکومت یا ریاست کی اولین ذمہ داری ہے، لیکن بدقسمتی سے ملک میں لوگوں کو سہولت دینے کی کوئی ترجیح نہیں ہے۔
معروف آرکیٹیکٹ اور ٹاؤن پلانر رابعہ عاصم نے کہا کہ دراصل پالیسی ڈویلپمنٹ کے ذریعے، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ سڑک کے مجموعی نیٹ ورک اور انفراسٹرکچر کو بہتر بنا سکتی ہے جو تمام اسٹیک ہولڈرز کو سہولیات فراہم کر سکتا ہے، سیمینار سسے ڈاکٹر سعید الدین احمد نے خطاب کیا۔