مراکش کشتی حادثے کے بعد شہریوں سے لاکھوں روپے بٹور کر انہیں غیر قانونی طریقے یورپ بھجوانے میں ملوث گینگز کے خلاف تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق امیگریشن ٹیم نے اسلام آباد ائیرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے ایک ملزم کو تحویل میں لے لیا، بیرون ملک سے آنے والے 7 مسافروں سے پوچھ گچھ جاری ہے۔
ترجمان ایف آئی اے نے بتایا کہ مسافروں کا تعلق گجرات، شیخوپورہ، سیالکوٹ، منڈی بہاءالدین، نارووال اور راولپنڈی سے ہے، مسافروں نے غیر قانونی طریقے سے اسپین براستہ دبئی، سینیگال جانے کی کوشش کی۔
حکام کے مطابق مسافروں نے اسپین جانےکیلئے ایجنٹوں سے لاکھوں روپے فی کس پر معاملات طے کیے، ایجنٹوں نے شہریوں کو وزٹ ویزے پر دبئی، ایتھوپیا اور سینیگال بھجوایا۔
ترجمان ایف آئی اے نے بتایا کہ سینیگال سے ایجنٹوں نے سمندر کے راستے شہریوں کو اسپین بھجوانے کی کوشش کی، ایجنٹوں کی جانب سے متاثرین کو تشدد کا نشانہ بھی بنایا گیا۔