گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی پیکا ایکٹ کیخلاف ہر فورم پر آواز اٹھائے گی۔
گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے پیپلز پارٹی کے سینئر رہنماؤں نے ملاقات کی جس میں پیکاایکٹ پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب سردار سلیم حید رخان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ جمہوریت اور آ زادی صحافت کیلئے قربانیاں دیں ، پیپلز پارٹی کسی بھی ایسے بل کا حصہ نہیں بنے گی جو آ زادی صحافت میں رکاوٹ بنے، پیپلز پارٹی ایسے تمام اقدامات کی مخالفت کرےگی جس سے صحافی برادری کو نقصان پہنچے ۔
انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری جلد لاہور کا دورہ کریں گے ،پارٹی ورکرزاور رہنماؤں سے ملاقات کریں گے، پیپلز پارٹی پنجاب میں اپنا کھویا ہوا مقام اورسیاسی طاقت واپس حاصل کرے گی، ن لیگ اقتدار میں آنے کے بعد پیپلز پارٹی کو نظر انداز نہ کرے۔
سردار سلیم حیدر خان کا کہنا تھا کہ ن لیگ کو پیپلز پارٹی کے ساتھ کئے گئے معاہدوں پر عملدرآمد کرنا چاہیے ، پنجاب میں پیپلز پارٹی کے ورکرز سمیت کسی سے زیادتی برداشت نہیں کروں گا ، پی پی پنجاب سمیت پورے پاکستان میں تیزی سے مقبول ہورہی ہے ،پاکستان کے اگلے وزیراعظم بلاول بھٹو زرداری ہوں گے۔