کراچی ٹریفک پولیس کی مہم، نئے ڈرائیونگ لائسنس بنوانے والوں کی تعداد دگنی ہوگئی

0 3

کراچی ٹریفک پولیس کی جانب سے ڈرائیونگ لائسنس کے بغیر گاڑی چلانے والے شہریوں کے خلاف خصوصی مہم چلائی گئی جس کے بعد لائسنس برانچز میں شہریوں کا رش بڑھ گیا۔

ڈی آئی جی پولیس ٹریننگ اینڈ لائسنسز اقبال دارا نے بتایا کہ گزشتہ سال ڈرائیونگ لائسنس بنوانے کا رجحان بہت کم رہا، دسمبر کے وسط میں ان کی نشاندہی پر سندھ حکومت نے ڈرائیونگ لائسنس کے بغیر گاڑی چلانے والوں کے خلاف سخت ایکشن شروع کروایا جس پر ڈرائیونگ لائسنس برانچز میں شہریوں کی بڑی تعداد پہنچ رہی ہے اور نئے ڈرائیونگ لائسنس بنوانے والوں کی تعداد گزشتہ ماہ کی نسبت دگنی ہوگئی ہے۔

اقبال دارا کے مطابق یکم دسمبر 2024 سے 21 دسمبر تک 24 ہزار111 نئے یا لرنر ڈرائیونگ لائسنس،7 ہزار 384 مستقل اور 9 ہزار 552 شہریوں نے پرانے لائسنسوں کی تجدید کرائی اور یوں 21 دن کی مجموعی تعداد 41 ہزار47 رہی۔

انہوں نے بتایا کہ ٹریفک پولیس کی مہم شروع ہونے کے بعد شہری بڑی تعداد میں ڈرائیونگ لائسنس بنوانے کے لیے رجوع کر رہے ہیں، یکم جنوری 2025 سے 21 جنوری تک 44 ہزار 845 لرنر لائسنس جاری کیے گئے، 9 ہزار 887 لوگوں نے مستقل ڈرائیونگ لائسنس بنوائے جب کہ تجدید کرانے والوں کی تعداد 13 ہزار 218 ہے، دونوں ماہ کا موازنہ کریں تو صرف 21 دن میں 26ہزار 903 لائسنس زیادہ بنوائے گئے۔

ڈی آئی جی ٹریننگ اینڈ لائسنسز نے مزید کہا کہ شہری لرنر ڈرائیونگ لائسنس یا پرانے لائسنس کی تجدید خود گھر بیٹھے کر سکتے ہیں، آن لائن لائسنس بنوانے سے فیس بھی آن لائن ہی جمع ہوگی اور شہریوں کو گھر بیٹھے ڈرائیونگ لائسنس مل جائے گا۔

 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.