حکومتی مذاکراتی کمیٹی نے پی ٹی آئی کے مطالبات کے جواب کی تیاری کیلئے سب کمیٹی بنالی

0 3

حکومت کی مذاکراتی کمیٹی نے اپوزیشن جماعت پاکستان تحریک انصاف کے جوڈيشل کمیشن کے مطالبے کے جواب کی تیاری کیلئے سب کمیٹی بنالی۔

حکومت کی مذاکراتی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں پی ٹی آئی کے مطالبات پر مشاورت کی گئی۔

جوڈيشل کمیشن کے مطالبے پر تحریک انصاف کو کیا جواب دینا ہے، حکومتی کمیٹی کسی فیصلے پر نہ پہنچ سکی اور جواب کی تیاری کیلئے سب کمیٹی بنالی۔

اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں رانا ثنا اللہ کا کہناتھاکہ ایک سب کمیٹی بنائی ہے جوپی ٹی آئی کے چارٹرڈ آف ڈیمانڈ کا جائزہ لے رہی ہے اور سب کمیٹی پی ٹی آئی کے مطالبات کا جواب تیار کرے گی۔

انہوں نے کہاکہ اپوزیشن سے آئندہ مذاکرات میں ہم مطالبات پرحکومتی مؤقف دیں گے۔

صحافی نے سوال کیا کہ بیرسٹرگوہرنے کہا ہے 7 روزمیں جوڈیشل کمیشن تشکیل نہ دیا تو مذاکرات نہیں کریں گے؟ اس پر رانا ثنا نے کہا کہ ٹھیک ہے، وہ جوکہتے ہیں وہ کریں لیکن ہم جواب تحریر ی طورپرانہیں دیں گے، حکومت جوڈیشل کمیشن تشکیل دے گی یا نہیں،یہ ہمارے جواب سے معلوم ہوگا۔

حکومتی کمیٹی کے ترجمان عرفان صدیقی نے کہاکہ آج سیر حاصل گفتگو ہوئی اور اگلے اجلاس کا وقت آنے پر پی ٹی آئی کوجواب دیں گے۔

خیال رہے کہ تحریک انصاف نے واضح کر رکھا ہےکہ 9 مئی اور 26 نومبر کے واقعات پر جوڈيشل کمیشن نہ بنایاگيا تو مذاکرات کا چوتھا دور نہيں ہوگا۔

حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات کے 3 دور ہوچکے ہیں اور تیسرے دور میں پی ٹی آئی نے تحریری طور پر مطالبات پیش کیے تھے۔

 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.