امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے غیر قانونی تارکین وطن کو بے دخل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
بلومبرگ کے مطابق بھارت امریکا میں غیر قانونی رہائش پذیر 18 ہزار بھارتیوں کو واپس بلائے گا، بھارت ٹرمپ حکومت کے ساتھ تجارتی جنگ سے بچاؤ اور بہتر تعلقات چاہتا ہے۔
بلومبرگ کا کہنا ہے کہ بھارت اور امریکی انتظامیہ نے 18 ہزار غیرقانونی بھارتی تارکین وطن کی شناخت کی ہے، امریکا میں موجود بھارتی تارکین وطن کی تعداد اس سے کہیں زیادہ ہوسکتی ہے۔
دوسری جانب ڈونلڈ ٹرمپ حکومت نے ایک ہزار660 افغانیوں کی امریکا منتقلی کے منصوبے کو معطل کر دیا ہے۔
خبر رساں ایجنسی کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حکم کے تحت امریکی پناہ گزین پروگرام کو معطل کردیا گیا۔
امریکی حکومت نےافغان پناہ گزین پروگرام کم ازکم4 ماہ کے لیے معطل کیا، معطل شدہ افغانیوں میں امریکی فوجی اہلکاروں کے خاندان بھی شامل ہیں۔
ٹرمپ انتظامیہ کے فیصلے سے یتیم بچوں اور امریکی اتحادی افغان فورسز کے خاندان متاثر ہوں گے۔
ٹرمپ انتظامیہ کا مؤقف ہے کہ پناہ گزینوں کی آمد مقامی وسائل پر دباؤ ڈال رہی ہے۔
واضح رہے کہ ٹرمپ نے صدارت کا حلف اٹھانے کے بعد امریکا کی جنوبی سرحدوں پر نیشنل ایمرجنسی کا اعلان کیا تھا۔
ڈونلڈ ٹرمپ نےکہا تھا کہ سابق حکومتیں داخلی مسائل حل نہیں کرسکیں لیکن دنیا بھر میں مہنگی مہمات کرتی رہیں، میں اور میری انتظامیہ ملک کی سرحدوں کا تحفظ یقینی بنائیں گے، ۔
ٹرمپ نے کہا کہ ہم لاکھوں غیر قانونی تارکین وطن اور جرائم پیشہ افراد کو ان کے ملکوں کو واپس بھیجیں گے، منظم جرائم کےگروہوں کو غیر ملکی دہشت گرد قرار دیں گے، ان دہشت گرد گروہوں کے خلاف امریکی فوج کو استعمال کریں گے۔