وفاقی وزیر خزانہ نے عالمی اقتصادی فورم کی سالانہ میٹنگ میں متعدد ممالک کے نمائندوں سے ملاقاتیں کی ہیں۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے عالمی اقتصادی فورم (WEF) کے مڈل ایسٹ، شمالی افریقہ (MENA) کے سربراہ اور مرکز برائے خطے، تجارت اور جغرافیائی سیاست کے نائب سربراہ مارون قیرُوز سے ملاقات کی۔
دونوں شخصیات نے پاکستان اور WEF کے درمیان اقتصادی ترقی اور پائیدار ترقی کے لیے تعاون کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔
وزیر خزانہ نے جناب قیرُوز کو حکومت کی بین الاقوامی شراکت داریوں کو اپنے سٹریٹجک اور اقتصادی مقاصد کو آگے بڑھانے کے لیے استعمال کرنے کے عزم سے آگاہ کیا۔
مصر کی وزیر منصوبہ بندی سے ملاقات
وفاقی وزیر برائے خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب نے عالمی اقتصادی فورم کی سالانہ میٹنگ کے موقع پر مصر کی وزیر برائے منصوبہ بندی ڈاکٹر رانیہ المشاط سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران دونوں وزرا نے پاکستان اور مصر کے درمیان جاری پروگرامز اور منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا، وزیر خزانہ نے ڈاکٹر رانیہ کو پاکستان کی معیشت کے مثبت معاشی اشاریوں سے آگاہ کیا۔
دونوں وزرا نے معیشت اور مالیات سے متعلق بات چیت جاری رکھنے اور ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھنے کی اہمیت پر اتفاق کیا۔
تیونس کے وزیر خارجہ سے غیر رسمی گفتگو
محمد اورنگزیب نے عالمی اقتصادی فورم کی سالانہ میٹنگ کے موقع پر تیونس کے وزیر خارجہ جناب محمد علی نافتی کے ساتھ غیر رسمی ملاقات کی۔
ملاقات میں پاکستان اور تیونس کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا، دونوں فریقین نے مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
چیئرمین سعودی نیشنل بینک سے اقتصادی ترقی پر تبادلہ خیال
وفاقی وزیر برائے خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب سے سعودی نیشنل بینک کے چیئرمین سعید بن محمد الغامدی کی ملاقات ہوئی، ملاقات کے دوران وزیر خزانہ نے پاکستان کی حالیہ اقتصادی ترقی اور بین الاقوامی مالیاتی درجہ بندی میں بہتری سے آگاہ کیا۔
دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مالی تعاون کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا، خاص طور پر بینکاری کے شعبے میں شراکت داری کو مضبوط بنانے کے حوالے سے گفتگو کی گئی، فریقین نے باہمی فائدے کے لیے اقتصادی تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
ایم این ٹی ہیلن کے سی ای او سے ملاقات
عالمی اقتصادی فورم کی سالانہ میٹنگ میں محمد اورنگزیب نے MNT-Halan کے سی ای او مونیر نخلا سے ملاقات کی، ملاقات میں پاکستان میں MNT-Halan کی جاری سرگرمیوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر خزانہ نے ڈیجیٹل مالیات کے شعبے میں تعاون کے مواقع پر روشنی ڈالی تاکہ پاکستان میں مالی شمولیت کو فروغ دیا جا سکے، انہوں نے اقتصادی ترقی کی حمایت کے لیے مالیاتی جدت میں شراکت داری کو مضبوط بنانے پر حکومت پاکستان کے عزم کو اجاگر کیا۔
ایم این ٹی ہیلن کے سی ای او مونیر نخلا نے پاکستان کے فِن ٹیک سیکٹر میں سرمایہ کاری کو وسعت دینے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔