پی آئی اے کی تنظیم نو کی منظوری، تنخواہوں میں اضافہ نہ منظوری

پاکستان ائیرلائنز کو دوحصوں میں تقسیم کرنے کا منصوبہ تیار ہو گیا

0 66

لاہور(شوریٰ نیوز)پی آئی اے کی تنظیم نو کی منظوری، تنخواہوں میں اضافہ نہ منظوری،پاکستان ائیرلائنز کو دوحصوں میں تقسیم کرنے کا منصوبہ تیار ہو گیا،پاکستان ائیرلائنز( پی آئی اے) کو دوحصوں میں تقسیم کرنے کا منصوبہ منظور کر کے ائیرلائن کی تنظیم نو کی اجازت دے دی گئی۔پی آئی اے کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے لاہور میں منعقدہ اجلاس میں پی آئی اے انتظامیہ کو تنظیم نو کا مربوط پلان تیار کرنے کی ہدایت کردی گئی جبکہ مالی مسائل کے باعث ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کی منظوری نہ دی جاسکی۔پی آئی اے ترجمان کے مطابق بورڈ آف ڈائریکٹر ز کے اجلاس میں وفاقی وزیر ہوابازی خواجہ سعد رفیق نے بھی شرکت کی۔ تنظیم نو منصوبے میں پی آئی اے کو دو حصوں میں تقسیم کیا جانا شامل ہے، پی آئی اے پر عائد اربوں روپے کے قرضے، نان کور شعبہ جات اور غیر ضروری ملازمین کو پی آئی اے کے پہلے حصہ میں رکھا جائے گا جبکہ دوسرے حصے میں طیارے، تمام منافع بخش اثاثے اور کور شعبہ جات ہوں گے۔ پی آئی اے کے دوسرے حصے میں ملازمین کی تعداد کم رکھی جائے گی جبکہ تنظیم نو کے تحت پی آئی اے کے پہلے حصے کو بتدریج ختم کر دیا جائے گا اور نان کور شعبہ جات آوٹ سورس کر دیے جائیں گے۔ بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس میں مالی مشکلات کے پیش نظر ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے پر کوئی فیصلہ نہ ہوسکا۔ بورڈ آف ڈائریکٹرز نے پی آئی اے کی یورپ، برطانیہ اور امریکا کیلئے پروازوں کی بحالی کے سلسلے میں اب تک کے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ بورڈ کو بتایا گیا کہ یورپی ایوی ایشن ایجنسی ایاسا کی ٹیم پی آئی اے کے فزیکل آڈٹ کے لیے ستمبر میں پاکستان آئے گی جس کیلئے تمام تیاریاں مکمل ہیں۔اس کے علاوہ اجلاس میں بورڈآف ڈائریکٹرز کو پی آئی اے کے طیاروں میں عالمی معیار کے انفلائٹ انٹرٹینمنٹ منصوبے پر بھی بریفنگ دی گئی ۔ سینیئر اسٹاف آفیسرز ایسوسی ایشن نے اپنے بیان میں اجلاس میں تنخواہوں میں اضافے کی تجویز رد کرنے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.