اسلام آباد ہائی کورٹ نے بانی پی ٹی آئی اور سابق وزیراعظم عمران خان کی درخواست پر اڈیالہ جیل حکام کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے عمران خان کی اخبار، ٹی وی کی سہولت بحالی، بیٹوں سے ٹیلیفونک گفتگو اور ذاتی معالج سے چیک اپ کے لئے دائر کردہ درخواست پر سماعت کی۔
بانی پی ٹی آئی کے وکیل فیصل فرید چودھری عدالت میں پیش ہوئے اور مؤقف اپنایا کہ متفرق درخواست فائل کی ہے، ہفتہ وار بیٹوں سے بات کرائی جائے، اخبارات فراہم کئے جائیں اور ذاتی معالج کی اجازت دی جائے۔
انہوں نے استدلال کیا کہ ٹرائل کورٹ نے ذاتی معالج سے متعلق کچھ نہیں لکھا، 10 جنوری 2025 کا آرڈر چیلنج کیا ہے۔
سماعت کے دوران عدالت نے فریقین کو جواب کیلئے نوٹس جاری کر دیئے، عدالت نے ہدایت کی کہ جیل نمائندہ آئندہ سماعت پر ذاتی حیثیت میں پیش ہو، اس کے ساتھ عدالت نے سماعت 23 جنوری تک ملتوی کر دی۔