اسرائیل میں بڑی اسکرینوں پر حماس کی جانب سے رہا کی جانے والی خواتین قیدیوں کا تبادلہ براہ راست دکھایا گیا۔
اسرائیلی میڈیا کی جانب سے جاری کی گئی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ دار الحکومت کے ہوسٹیجز اسکوائر پر اسرائیلی قیدیوں کے اہلخانہ نے غزہ میں اسرائیلی قیدیوں کو ریڈ کراس کے حوالے کیے جانے کے مناظر براہ راست دیکھے۔
تل ابیب کے ہوسٹیجز اسکوائر غزہ میں موجود اسرائیلی قیدیوں کے یاد میں بنایا گیا تھا جو قیدیوں کی رہائی اور جنگ بندی کے لیے ہونے والے مظاہروں کا مرکز رہا جن میں حکومت پر قیدیوں کی رہائی کا معاہدہ کرنے کے لیے دباؤ ڈالا جاتا تھا۔
خیال رہے کہ آج حماس کی جانب سے جنگ بندی معاہدے کے تحت 3 اسرائیلی خاتون قیدیوں کو ریڈ کراس کے حوالے کیا گیا ہے۔
ریڈ کراس کی ٹیم نے خواتین قیدیوں کو غزہ کی سرحد کے قریب موجود اسرائیلی فوج کے حوالے کیا جہاں سے انہیں غزہ سے باہر ایک فوجی مرکز میں منتقل کردیا گیا ہے، اسرائیلی فوج نے بھی خواتین کے رہا ہونے کی تصدیق کی ہے۔
دوسری جانب اسرائیلی جیلوں سے بھی فلسطینی قیدیوں کو رہا کیے جانے کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔
اسرائیل کی جانب سے آج رہا کیے جانے والے 90 فلسطینی قیدیوں کے نام جاری کیے گئے ہیں جن میں 69 خواتین اور 21 بچے شامل ہیں۔