غزہ جنگ بندی کے آغاز سے قبل حماس کا اہم مطالبہ سامنے آگیا
فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے غزہ میں جنگ بندی کے آغاز سے قبل اہم مطالبہ کردیا۔
بدھ کے روز قطری وزیر اعظم نے اسرائیل اور حماس کے درمیان غزہ میں جنگ بندی کا معاہدہ طے پانے کا اعلان کیا تھا، ان کا کہنا تھا کہ غزہ میں جنگ بندی کا آغاز 19 جنوری سے ہوگا۔
تاہم غزہ میں اسرائیلی حملے اب تک جاری ہیں اور جنگ بندی معاہدے کے اعلان کے بعد سے غزہ میں اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں اب تک 116 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔
اب عرب میڈیا کا حماس ذرائع کے حوالے سے بتانا ہے کہ حماس نے جنگ بندی کے آغاز سے 48 گھنٹے قبل ہی حملے روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔
حماس کی جانب سے کہا گیا ہے کہ جنگ بندی کے پہلے ہی روز مغویوں کی رہائی یقینی بنانے کے لیے ضروری ہے کہ جنگ بندی کے آغاز سے 48 گھنٹے قبل سے حملے روک دیے جائیں۔
دوسری جانب غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو کے دفتر کی جانب سے کہا گیا ہے کہ سکیورٹی کابینہ نے حکومت کو جنگ بندی معاہدہ قبول کرنے کی سفارش کردی ہے۔
خبررساں ایجنسی کے مطابق جنگ بندی معاہدے کی حکومتی منظوری کے لیے مکمل کابینہ کا اجلاس آج ہی طلب کیا جائے گا۔