کابینہ کمیٹی ریاستی ملکیتی اداروں کے اجلاس میں پی بی سی کی آمدنی بڑھانے پر غور کیا گیا۔
وزیرخزانہ محمد اورنگزیب کی زیرصدارت کابینہ کمیٹی ریاستی ملکیتی اداروں کا اجلاس ہوا، کمیٹی نے کراچی ٹولز، ڈائز اینڈ مولڈ سینٹر کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تشکیلِ نو پر غور کیا۔
اعلامیہ کے مطابق کمیٹی نے عبدالرزاق گوہر کو کراچی ٹولز، ڈائز اینڈ مولڈ سینٹر بورڈ کا چیئرمین مقرر کردیا، دوران اجلاس ٹیکنالوجی اپ گریڈیشن اینڈ سکلز ڈویلپمنٹ کمپنی کے بی او ڈی کی تشکیل نو کی منظوری اور پاکستان براڈ کاسٹنگ کارپوریشن کو درپیش چیلنجز پر بھی غور کیا۔
کمیٹی کے اعلامیہ میں بتایا گیا کہ مختلف ذرائع سے پی بی سی کی آمدنی بڑھانے کے زاویوں پر غور ہوا، سرکاری ٹی وی کیلئے وزارت اطلاعات نے کاروباری منصوبہ پیش کیا، وزارت خزانہ پی ٹی وی کی منظور شدہ 5442 آسامیوں میں سے 1232 آسامیوں کو ختم کیا گیا جبکہ پی ٹی وی کے اثاثوں کو آمدنی کی صلاحیت بڑھانے کے حوالے سے بھی غور ہوا۔
اعلامیہ میں مزید آگاہ کیا گیا کہ کمیٹی نے پی بی سی اور پی ٹی وی کے اثاثوں سے آمدنی حاصل کرنے کی ہدایت کی، اجلاس کے آخر میں کھلی زمینوں سمیت بغیر استعمال پراپرٹی کو نجی شعبے کو فروخت کرنے کا بھی فیصلہ ہوا۔