بانی پی ٹی آئی کو جیل میں سہولیات کی فراہمی کے لیے نظرثانی درخواست دائر کر دی گئی۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ ہائی پروفائل قیدی ہونے کے باوجود بانی پی ٹی آئی کو جیل میں سہولیات فراہم نہیں کی جا رہیں، جیل حکام کا رویہ آئین اور قانون کے خلاف ہے، قانون کے مطابق سہولیات مہیا کرنے کے احکامات جاری کیے جائیں۔
بانی پی ٹی آئی کے وکیل فیصل چوہدری ایڈوکیٹ نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست جمع کرائی جس میں کہا گیا ہے کہ 10 جنوری کو اسپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند نے جیل سہولیات کے حوالے سے حکم جاری کیا۔
درخواست میں کہا گیا کہ عدالت ٹرائل کورٹ کے حکم کے غلط استعمال کو روکنے اور قانون و آئین کے مطابق انصاف کے تقاضے پورے کرنے کی ہدایت کرے۔
دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ درخواست گزار کی بچوں کے ساتھ ہفتہ وار فون کال کو یقینی بنانے کی ہدایت کی جائے، کتابوں اور روزمرہ اخبارات سمیت پڑھنے کا مواد فراہم کیا جائے۔
درخواست میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ پریزن ایکٹ اور پاکستان جیل رولز 1978 کے تحت درخواست گزار کے استحقاق کے مطابق فیملی اور وکلا کے ساتھ ہفتہ وار طے شدہ ملاقاتوں کو یقینی بنانے کی ہدایت کی جائے۔