وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نےکہا ہےکہ مذاکرات کا یہ مطلب نہیں کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی کرپشن پر پردہ ڈال دیا جائےگا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نےکہا کہ انہیں اربوں روپے کے کرپشن کیسز کا جواب ہر حال میں دینا ہوگا۔ 190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل میگا کرپشن اسکینڈل ہے۔
عطا تارڑ نےکہا کہ برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی نے رقم حکومت پاکستان کو اس لیے دی تھی کہ وہ حکومت اور پاکستان کے عوام کا پیسا تھا۔کابینہ سے بند لفافے کی منظوری لے کر جرمانہ سیٹل کیا گیا اور بانی پی ٹی آئی نے اربوں روپے کمائے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ پوری پی ٹی آئی کو چیلنج ہےکہ بانی پی ٹی آئی کا ذرائع آمدن بتا دیں، ذرائع آمدن نہیں تو لاہور میں 25 کروڑ روپےکا گھر کیسے بن گیا؟ ایک شخص کو 80 سے 90 ارب روپےکا فائدہ دیا گیا۔