نیوزی لینڈ نے غزہ میں جنگ بندی کے معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے شہریوں کے تحفظ اور یرغمالیوں کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔
عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق نیوزی لینڈ کے وزیر خارجہ ونسٹن پیٹرز نے کہا کہ گزشتہ 15 ماہ کے دوران غزہ میں اسرائیلی کارروائیاں ناقابل فہم انسانی تکلیف کا باعث بنیں، غزہ میں جنگ بندی معاہدے کی شرائط کو اب مکمل طور پر لاگو کیا جانا چاہئے، شہریوں کا تحفظ اور یرغمالیوں کی رہائی کو کوششوں میں سرفہرست ہونا چاہئے۔
وزیر خارجہ ونسٹن پیٹرز نے کہا کہ اب غزہ میں انسانی امداد کی بڑے پیمانے پر تیز رفتار، بلا روک ٹوک فراہمی ہونی چاہئے، انہوں نے پائیدار اور دیرپا امن کے حصول کے لئے فریقین سے دو ریاستی حل کی جانب بامعنی قدم اٹھانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی عزم اس بات کو یقینی بنانے کی کلید ہے کہ تاریخ خود کو دہرائے نہیں۔
واضح رہے کہ قطر کے وزیر خارجہ نے بدھ کو اعلان کیا کہ اسرائیل اور فلسطینی عسکریت پسند گروپ نے قطر، مصر اور امریکا کی ثالثی کے بعد غزہ میں یرغمالیوں کے لیے جنگ بندی کے معاہدے پر اتفاق کیا ہے۔