چیمپئینز ٹرافی؛ سکندر رضا نے سیمی فائنلسٹ ٹیموں کی پیشگوئی کردی
زمبابوین ٹی20 کرکٹ ٹیم کے کپتان سکندر رضا نے آئی سی سی چیمپئینز ٹرافی کی فاتح ٹیم کے حوالے سے بڑی پیشگوئی کردی۔
کرکٹ پاکستان کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں زمبابوین کرکٹر نے کہا کہ ایشیائی پچز پر کوئی مقامی ٹیم ہی چیمپئینز ٹرافی اپنے نام کرنے میں کامیاب ہوگی، پاکستان اور بھارت کا فیصلہ کُن معرکے میں بھی ٹکراؤ ہوسکتا ہے۔
سکندر رضا کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا کے بھی ایونٹ جیتنے کے چانسز ہیں، یہ تینوں ٹیمیں سیمی فائنل کیلئے بھی کوالیفائی کر سکتی ہیں،چوتھی سائیڈ نیوزی لینڈ ہوسکتی ہے۔
انھوں نے کہا کہ زمبابوے نے گزشتہ برس ٹی20 کرکٹ میں 5 ایشیائی ٹیموں کو ہرایا، سری لنکا کو اس کے ملک میں شکست دی، پاکستان کو زمبابوے میں زیر کیا، بنگلادیش کو اس کے گراؤنڈ پر مات دینے کے ساتھ بھارت کو زمبابوے میں ہرایا۔
افغانستان کو بھی قابو کرنے میں کامیاب رہے تاہم بدقسمتی سے ہم کوئی سیریز نہ جیت سکے۔
اس ریکارڈ کو تسلی بخش تو نہیں کہا جا سکتا تاہم نتائج سے اندازہ ہوتا ہے کہ زمبابوین ٹیم میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہے، وہ وقت بھی آئے گا جب ہم سیریز بھی جیتنے کی پوزیشن میں ہوں گے۔