ولایتِ علیؑ انسانیت کا شرف اور اعلیٰ اقدار پر مبنی نظام زندگی ہے،شیخ ناصری

0 3

وکیل مرجع عالی قدر آيت الله العظمٰی شیخ محمد الیعقوبی (حفظہ اللہ) وسربراہ شوریٰ علماء جعفریہ پاکستان علامہ شيخ ہادی حسین ناصری نے کہا ہے کہ ولایتِ علیؑ انسانیت کا شرف ہے، جو حضرت علیؑ سے جتنا زیادہ وابستہ ہوگا، وہ اتنا ہی زیادہ حقیقی انسانیت کا مظہر ہوگاکیونکہ حقیقت میں ولایتِ علی علیہ السلام صرف ایک عقیدہ یا نظریہ نہیں، بلکہ انسانیت کی اعلیٰ اقدار پر مبنی مکمل نظامِ زندگی اور نظام معاشرت ہے۔ حضرت علی علیہ السلام کی ولایت ایک ایسی روشنی ہے جو انسان کو اپنے اندر کی حقیقت کو پہچاننے مدد دیتی ہے۔

علامہ شيخ ہادی حسین ناصری نے کہا ہے کہ حضرت علی علیہ السلام کی ولایت کا مفہوم یہ ہے کہ آپ کی رہنمائی صرف دینی حدود تک محدود نہیں تھی، بلکہ آپ کی سیرت میں انسانیت کی بقا کے تمام پہلو شامل ہیں۔ آپ کی ولایت انسانوں کے لیے عدل، محبت، سچائی، اور خدمتِ خلق کی اعلیٰ ترین مثال ہے۔

حضرت علی علیہ السلام کی ولایت کا اتباع کرنے والا انسان، دراصل اپنے اندر حقیقی انسانیت کی صفات پیدا کرتا ہے جو اُس کی روحانی اور اخلاقی نشونما کرتی ہے۔ جو انسان بھی حضرت علی علیہ السلام کی ولایت کے ساتھ جڑ جاتا ہے، وہ اپنے روحانی سفر میں کامیاب ہوجاتا ہے اور قرب الہیٰ کی منازل خود بخود طے کر لیتا ہے۔

علامہ شيخ ہادی حسین ناصری نے کہا ہے کہ ولایتِ علی بن ابی طالب علیہ السلام حقیقی کمال تک پہنچنے کا نایاب ذریعہ ہے۔ ہم نے آج تک کوئی سالک ایسا نہیں دیکھا جو ولایتِ علیؑ اور نمازِ شب کے بغیر کمال کی منزل تک پہنچا ہو۔امام علی علیہ السلام کے مقام اور عظمت کی بلندی کو سمجھنے کیلئے یہی کافی ہے کہ قرآنِ کریم کے مطابق وہ نفسِ رسول اللہ ہیں، اور ان کی ولایت کے بغیر کوئی عمل قابل قبول نہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.