امریکا کے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیٹے کے بزنس پارٹنر جنٹری بیچ نے کہا ہے کہ بائیڈن انتظامیہ نے بدقسمتی سے پاکستان کے ساتھ رابطوں کے تمام پل جلا دیے، پاکستان کے ساتھ مضبوط تعلقات استوار کیے جائیں گے، ہم مل کر کام کریں گے۔
تقریب سے خطاب میں جنٹری بیچ کا کہنا تھاکہ پاکستان میں لوگ ڈونلڈ ٹرمپ کو پسند کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی قوم نے بہت قربانیاں دی ہیں اور پاکستانی درحقیقت ہماری فرنٹ لائن ہیں، ہزاروں افراد دہشت گردی کی نذر ہوئے، پاکستانی ہر روز فرنٹ لائن پر ہوتے ہیں، وہ صرف امن چاہتے ہیں۔
ان کا کہنا تھاکہ پاکستان کی قیادت امریکا کے ساتھ برابری کی سطح پر تعلقات کے خواہاں ہے، پاکستان نے کمپنیوں پر پابندی لگنے کے سبب بائیڈن انتظامیہ کی مذمت کی، ہمیں ان غلط فہمیوں کا ازالہ کرکے معاملات کو درست کرنا ہوگا۔
جینٹری بیچ نے مزید کہا کہ بائیڈن انتظامیہ نے بدقسمتی سے پاکستان کے ساتھ رابطوں کے تمام پل جلا دیے، ایسے ملک پر پابندیاں لگائی گئیں جو ہمارا حلیف ہے۔
ان کا کہنا تھاکہ پاکستان کے ساتھ مضبوط تعلقات استوار کیے جائیں گے، ہم مل کر کام کریں گے، نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی قیادت میں ماضی کی غلطیوں کا مداوا کریں گے۔