نومبر کی انتخابی فتح کے بغیر غزہ جنگ بندی معاہدہ ہونا ناممکن تھا، ٹرمپ کا دعویٰ

0 5

نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے غزہ میں موجود اسرائیلی مغویوں کی رہائی کا معاہدہ طے پانےکا دعویٰ کردیا۔

اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر اپنے بیان میں ٹرمپ نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں مغویوں کی رہائی کا معاہدہ ہوگیاہے، وہ جلد ہی رہا ہوجائیں گے۔

اپنی ایک دوسری پوسٹ میں ٹرمپ نے الیکشن جیتنے کے حوالے سے کہا کہ نومبر کی تاریخی کامیابی کے بغیر یہ جنگ بندی معاہدہ نہیں ہوسکتا تھا۔

ٹرمپ نے کہا کہ یہ امریکا اور دنیا کے لیے کئی بہترین چیزوں کا نقطہ آغاز ہے، ٹرمپ کا کہنا تھا کہ انہوں نے وائٹ ہاؤس میں واپسی سے قبل ہی بہت کچھ حاصل کرلیا ہے۔

نومبر کی انتخابی فتح کے بغیر غزہ جنگ بندی معاہدہ ہونا ناممکن تھا، ٹرمپ کا دعویٰ

خیال رہےکہ غیر ملکی خبررساں ایجنسی کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس اور اسرائیل غزہ جنگ بندی معاہدے پر متفق ہوگئے۔

خبررساں ایجنسی رائٹرز نے جنگ مذاکرات سے باخبر ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ جنگ بندی معاہدے پر اتفاق کے بعد 15 ماہ سے زائد عرصے سے جاری جنگ کے اختتام کی امید پیدا ہوگئی ہے۔

اس سے قبل فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے غزہ جنگ بندی معاہدے پر رضامندی ظاہر کی تھی۔

عرب میڈیا الجزیرہ کے مطابق حماس کی جانب سے الجزیرہ کو بتایا گیا ہے کہ حماس رہنما خلیل الحیہ کی سربراہی میں وفد نے قطر اور مصر کے ثالثوں کو جنگ بندی معاہدے پر اپنی رضامندی سے آگاہ کردیا ہے۔

دوسری جانب اسرائیلی میڈیا کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ قطری وزیراعظم آج رات پریس کانفرنس میں جنگ بندی کے معاہدے کا اعلان کریں گے۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم دوحہ میں موجود مذاکراتی ٹیم کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں، جبکہ اسرائیلی فوج نے جنوبی غزہ کی فیلا ڈیلفی راہداری سے انخلا شروع کر دیا۔

 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.