ملک میں شدید سردی کی لہر برقرار، بالائی علاقوں میں پارہ منفی 11 تک گر گیا

0 8

صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت ملک بھر میں شدید سردی کی لہر برقرار ہے۔

ملک کے بالائی علاقوں میں غضب کی ٹھنڈ پڑ رہی ہے جبکہ بعض علاقوں میں پارہ نقطہ انجماد سے بھی نیچے چلا گیا، سکردو میں پارہ منفی 11 تک گر گیا جبکہ گوپس اور استور میں منفی 10اور لہہ میں درجہ حرارت منفی 9 ریکارڈ کیا گیا۔

گلگت اور کالام میں پارہ منفی 7، بگروٹ اور ہنزہ میں پارہ منفی 6 رہا، دیر اور چترال میں درجہ حرارت منفی 4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، بالائی علاقوں میں پہاڑوں نے سفید چادر اوڑھ لی، وادیاں اور نظارے حسین ہو گئے۔

چترال میں شدید برفباری سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، چترال کے بالائی علاقوں کا زمینی رابطہ منقطع ہو گیا۔

ادھر پنجاب کے میدانی علاقوں میں دھند کے ڈیرے برقرار ہیں، شدید دھند کے باعث موٹرویز کو مختلف مقامات سے بند کردیا گیا۔

ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق موٹروے ایم 4 عبد الحکیم سے ملتان تک بند ہے، موٹروے ایم 5 کو ملتان سے روہڑی تک حد نگاہ کم ہونے کے باعث بند کردیا گیا ہے۔

موٹروے پولیس کی جانب سے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے۔

 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.