پی اے سی کا اجلاس: گوادر میں ترقیاتی منصوبوں کی بندش، مشنری ناکارہ ہونے کا سخت نوٹس

0 8

پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا چیئرمین اصغر علی ترین کی زیر صدارت گوادر میں اجلاس ہوا۔

اجلاس میں کمیٹی کو ترقیاتی منصوبوں اور جاری سکیموں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی، اجلاس کو ڈائریکٹر جنرل گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے بریفنگ دی، ڈائریکٹر جنرل جی ڈی اے شفقت انور شاہوانی نے کمیٹی کو ادارے کی کارکردگی، منصوبوں اور جاری چیلنجز سے آگاہ کیا۔

ڈائریکٹر جنرل جی ڈی اے شفقت انور شاہوانی نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ جی ڈی اے نے اندرون شہر 256 کلومیٹر سڑکوں کی تعمیر مکمل کی ہے، 2004ء سے اب تک 14326 ملین روپے کی ترقیاتی سرگرمیاں انجام دی ہیں۔

کمیٹی نے کہا کہ گوادر کے شہریوں کے لئے گرین بس سروس فراہم کی جائے، کمیٹی کے وفد نے کارواٹ میں ڈیسالینیشن پلانٹ کا دورہ کیا اور موجودہ حالت پر تشویش کا اظہار کیا، کمیٹی کے ارکان نے کہا کہ بی ڈی اے اور پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے تحت 984.59 ملین روپے کی لاگت سے تیار کردہ یہ منصوبہ ناکارہ ہو چکا ہے۔

پبلک اکاونٹس کمیٹی نے منصوبے کی بندش اور مشنری کے ناکارہ ہونے اور عوام کا ایک ارب روپے ضائع ہونے کا سخت نوٹس لے لیا، چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے کہا کہ عوامی پیسے کے ضیاع میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کی جائے گی، انکوائری اور سپیشل آڈٹ کیا جائے گا تاکہ ذمہ داروں کو قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے۔

چیئرمین اصغر علی ترین نے مزید کہا کہ عوامی مسائل کا حل اور شفافیت کو یقینی بنانا کمیٹی کی اولین ترجیح ہے۔

 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.