ڈیل کا دباؤ پی ٹی آئی پر نہیں، حکومت پر ہے تبھی سزا مؤخر ہوئی: علیمہ خان کا ردعمل

0 10

پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی بہن علیمہ خان نے 190 ملین پاؤنڈ کیس کا فیصلہ مؤخر ہونے پر ردعمل میں کہا ہے کہ ڈیل کا دباؤ پی ٹی آئی پر نہیں، حکومت پر ہے، تبھی سزا مؤخر ہوئی۔

اڈیالا جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو میں علیمہ خان کا کہنا تھاکہ آج بانی پی ٹی آئی سے کوئی ملاقات نہیں ہو سکی، آج القادر کیس میں بانی پی ٹی آئی کو سزا ہونا تھی۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں ساڑھے دس بجے کا وقت دیا گیا تھا، ہم لوگ وقت پر آئے، جج وقت سے پہلے چلے گئے۔

ان کا کہنا تھاکہ ڈیل کا دباؤ پی ٹی آئی پر نہیں، حکومت پر ہے، تبھی سزا مؤخر ہوئی۔

انہوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی خود جلد اس کیس کا فیصلہ چاہتے ہیں، عمران خان کے صرف دو مطالبات کیے ہیں، حکومت کا اب تک کوئی مطالبہ سامنے نہیں آیا۔

خیال رہے کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کے نہ آنے پر 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کا فیصلہ تیسری بار مؤخر ہوا ہے، احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید فیصلہ سنانے کیلئے ساڑھے 8 بجے اور نیب کی پانچ رکنی پراسیکیوشن ٹیم ساڑھے 9 بجے اڈیالہ جیل پہنچی۔

احتساب عدالت کے جج نے کہاکہ آج نہ بانی پی ٹی آئی عدالت آئے، نہ بشریٰ بی بی اور نہ ہی ان کے وکلا یا فیملی ممبر، فیصلہ تیار تھا، دستخط ہوچکے تھے دو گھنٹے انتظار کیا، بانی پی ٹی آئی کو کمرہ عدالت لانے کے دو پیغامات بھیجے وہ نہ آئے، بشریٰ بی بی کو پتا تھا،، آج فیصلہ سُنانا ہے، وہ بھی نہ آئیں۔

عدالت نے کہا کہ ایک اور موقع دے رہے ہیں، فیصلہ اب اگلے جمعے 17 جنوری کو سنایا جائے گا۔

عدالت اس سے پہلے فیصلہ سنانے کے لیے 23 دسمبر پھر 6 جنوری اور پھر 13 جنوری کی تاریخ مقرر کرچکی ہے۔

 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.