وزیر اعظم کی ایف بی آر کو محصولات کے مقدمے جلد نمٹانے کی ہدایت

0 5

وزیر اعظم نے ایف بی آر کو محصولات کے مقدمے جلد نمٹانے کی ہدایت کردی۔

اسلام آباد میں وزیراعظم محمد شہباز شریف کے زیر صدارت ان لینڈ ریونیو کے اپیلیٹ ٹربیونلز کے امور پر جائزہ اجلاس ہوا، اجلاس میں وزیراعظم نے عدالتوں میں رکی ہوئی محصولات کے قانونی مقدمات کو جلد از جلد نمٹانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ محصولات کے مقدمات کے جلد سے جلد نمٹائے جانے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ اپیلیٹ ٹربیونلز ان لینڈ ریونیو میں بین الاقوامی معیار کی افرادی قوت کو مسابقتی تنخواہوں، مراعات اور پیشہ ورانہ ٹیلنٹ کی بنیاد تعینات کیا جائے، اپیلیٹ ٹربیونلز میں بہترین ٹیلنٹ کو تعینات کر کے محصولات کے کیسز فوری حل کیے جائیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اس کام میں تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، اللہ کے فضل و کرم سے ایف بی آر اصلاحات پر کام تیزی سے جاری ہے، حال ہی میں کراچی میں فیس لیس اسسمنٹ نظام کا اجراء کیا۔

شہبازشریف نے کہا کہ جدید خودکار نظام سے کرپشن کا خاتمہ اور کسٹمز کلیئرنس کیلئے درکار وقت میں خاطر خواہ کمی آئی، ملک و قوم کی ایک ، ایک پائی کا تحفظ کریں گے، ٹیکس نادہندگان سے ٹیکس وصول کریں نہ کہ غریب عوام پر ٹیکس کا مزید بوجھ ڈالیں۔

اجلاس میں وزیراعظم کو ان لینڈ ریونیو اپیلیٹ ٹریبیونلز کی اصلاحات پر پیش رفت سے آگاہ کیا گیا ، انہوں نے نے اصلاحات کو معینہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت دی، اجلاس میں وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وزیرِ مملکت برائے خزانہ علی پرویز ملک، اٹارنی جنرل اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔

 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.