خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں سکیورٹی فورسز کی خفیہ اطلاع پر کارروائی میں خوارج کے سرغنہ شفیع اللہ عرف شفیع سمیت 5 خوارج مارے گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ڈی آئی خان کے علاقے مڈی میں آپریشن کے دوران سکیورٹی اہلکاروں نے خوارج کے ٹھکانے پر مؤثر طریقے سے کارروائی کی۔
سکیورٹی فورسز کی کارروائی کے نتیجے میں خوارج کے سرغنہ شفیع اللہ عرف شفیع سمیت پانچ خوارج مارے گئے، ہلاک ہونے والے خوارج کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایاکہ ہلاک خوارج سکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں سمیت معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں بھی ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں پائے جانے والے کسی اور خارجی کو ختم کرنے کیلئے سینیٹائزیشن آپریشن بھی کیا گیا، سکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔