عوام پاکستان کے سیکرٹری جنرل و سابق وفاقی وزیر مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ مذاکرات میں فریقین سنجیدہ نہیں، آخرکار سب جماعتوں اور اداروں کو بیٹھ کر حل نکالنا ہو گا۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر مفتاح اسماعیل نے کہا کہ مجھے نہیں پتا پی ٹی آئی مذاکراتی کمیٹی آج جیل کیوں نہیں گئی، دونوں فریقین کو اپنی انا چھوڑ کر آگے بڑھنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ 40 فیصد سے زائد پاکستانی غربت کی لکیرسے نیچے ہیں، سیاسی مسائل میں الجھے رہیں گے تو آگے بڑھنا مشکل ہوگا، سب کو بیٹھ کر معیشت کی بہتری کے لیے کام کرنا ہو گا۔
مفتاح اسماعیل نے کہا کہ کوئی شک نہیں مہنگائی اورشرح سود کی رفتارکم ہوئی ہے، دنیا بھر میں تیل کی قیمتیں کم ہونے سے مہنگائی کم ہو رہی ہے، حکومت کا جانا نظام کا جانا نہیں ہوتا، وزرائےاعظم کے آنے جانے سے نظام چلتا رہتا ہے۔
سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ سسٹم کی خرابی کی وجہ سے ہمارے ہمسایہ ملک ہم سے آگے ہیں، کوئی شک نہیں 190 ملین پاؤنڈ کیس میں بےایمانی ہوئی۔