دبئی میں افغان طالبان اور بھارتی حکام کے درمیان اہم ملاقات ہوئی جس میں باہمی تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دینے اور افغان بھارت کرکٹ تعاون مضبوط کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
بھارتی حکام کے مطابق بدھ کو سیکرٹری خارجہ وکرم مسری اور افغان قائم مقام وزیرخارجہ مولوی امیر خان متقی کی ملاقات میں بھارت نے افغان طالبان کو دوستی کا پیغام پہنچایا۔
ملاقات میں چابہار بندرگاہ سے باہمی تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دینے اور افغان بھارت کرکٹ تعاون مضبوط کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
وزارت خارجہ افغانستان کی طرف سے جاری کردہ پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ بھارت کے نائب وزیر خارجہ وکرم مسری نے افغان وزیر خارجہ مولوی امیر خان متقی کے ساتھ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان سیاسی، اقتصادی اور عوام کے درمیان تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔
پریس ریلیز کے مطابق ملاقات میں مولوی امیر خان متقی نے انسانی امداد کے لیے ہندوستان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ امارت اسلامیہ معیشت پر مبنی پالیسی کے ذریعے دوسرے ممالک کے ساتھ بہتر تعلقات رکھنا چاہتی ہے۔
علاوہ ازیں مسری نے ہندوستان اور افغانستان کے درمیان تاریخی تعلقات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہندوستان بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کو نافذ کرکے افغانستان کی مدد کرنا چاہتا ہے۔