اسپشل اکنامک زونز کیلئے لینڈ لیز پالیسی منظور

0 3

وفاقی حکومت نے اسپیشل اکنامک زونز کے لیے لینڈ لیز پالیسی کی منظوری دے دی۔

وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ اور نجکاری، مواصلات عبدالعلیم خان کی زیر صدارت سپیشل اکنامک زونز کی اپروول کمیٹی کا 9 واں اجلاس ہوا، جس میں اسپیشل اکنامک زونز کے لیے لینڈ لیز پالیسی کی منظوری کے علاوہ گلگت بلتستان سمیت صوبائی حکومتوں کی نمائندگی اور اسپیشل اکنامک زونز کے اہم امور ومحکمانہ فیصلوں کی منظوری دے دی گئی ہے۔

اسپیشل اکنامک زونز کے ایکٹ میں ترمیم کر کے کمیٹی کا اجلاس بلانے کے نوٹس کو21 سے کم کر کے سات دن کرنے کا فیصلہ بھی ہوا۔

وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے اجلاس کو بتایا کہ ملک بھر کے 35 صنعتی مراکز کا سروے اور مسائل کی نشان دہی اور حل بڑی پیش رفت اور کامیابی ہے، کم وقت میں اسپیشل اکنامک زونز کی اپ گریڈیشن اور بہتر معیار کے لیے اہم اقدامات کیے گئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ معیاری سہولیات سے آراستہ صنعتی مراکز میں دیگر ممالک سے سرمایہ کاری سے تیز تر معاشی ترقی ہو گی، تیزی سے امور نمٹانے کے لیے اپروول کمیٹی کا باقاعدگی سے اور بروقت اجلاس انتہائی ضروری ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اسپیشل اکنامک زونز سے متعلق تمام امور کو اپ ڈیٹ کر دیا جو کہ موجودہ تقاضوں کے عین مطابق ہے۔

انہوں نے اسپیشل اکنامک زونز کی سروے رپورٹ صوبائی حکومتوں اور متعلقہ اداروں کو بھی بجھوانے کی ہدایت کی اور کہا کہ اب صنعتی مراکز کا ڈیجیٹل ڈیٹا موجود ہے، یہ میوچل پراپرٹی ہے اور تمام متعلقہ ادارے اس سے مستفید ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ سرمایہ کاری میں اضافے کے لیے غیر ضروری پیچیدگیوں کے بجائے آسانیاں پیدا کر رہے ہیں، اسپیشل اکنامک زونز میں ہر طرح کی انڈسٹری کی حوصلہ افزائی کریں گے جس سے زر مبادلہ آ سکے۔

 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.